دبئی: دبئی کے ایک کیفے نے دنیا کی مہنگی ترین کافی پیش کرکے سب کو حیران کر دیا۔ اس کافی کے ایک کپ کی قیمت 3600 یو اے ای درہم یعنی 2 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد ہے۔
یہ نایاب کافی Geisha بیجوں کی Nido 7 ورائٹی سے تیار کی جاتی ہے، جسے پاناما کی آتش فشانی ڈھلوانوں پر اگایا جاتا ہے۔ اس کی سالانہ پیداوار انتہائی محدود ہوتی ہے، ہر فصل سے صرف چند کلو گرام بیج حاصل ہوتے ہیں، جس کے باعث یہ کافی دنیا کی خاص اور نایاب اقسام میں شمار ہوتی ہے۔
یہ قیمتی کافی دبئی کے جولیتھ کیفے میں دستیاب ہے، اور کیفے نے اعلان کیا ہے کہ صرف 400 کپ ہی فروخت کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 2025 کے آغاز میں کیفے نے نیلامی میں 20 کلو گرام خام کافی 22 لاکھ درہم میں خریدی تھی، جہاں 549 بولیاں لگائی گئی تھیں۔
کیفے کے نمائندے سرکان ساگسوز کے مطابق:
“یہ کوئی مارکیٹنگ اسٹنٹ نہیں، بلکہ واقعی دنیا کی چند بہترین اور نایاب کافیوں میں سے ایک ہے۔ دنیا میں بہت کم لوگ اس ذائقے سے لطف اندوز ہو پاتے ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ ایک کپ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے لیے مختص ہے جبکہ باقی چند منتخب افراد ہی اسے چکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا کی سب سے مہنگی کافی کا ریکارڈ بھی دبئی کے پاس تھا، جس کی قیمت 2500 درہم فی کپ تھی۔ نئی پیشکش نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔