سال 2025 کے اختتام کے ساتھ ہی دنیا کے کئی حصوں میں 2026 کا آغاز ہوچکا ہے، کہیں آتش بازی اور تقریبات جاری ہیں تو کہیں لوگ نئے سال کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ دنیا بھر میں پرانے سال کو الوداع اور نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے مختلف روایات اور رسمیں ادا کی جاتی ہیں، جن میں سے بعض نہایت دلچسپ اور بعض خاصی عجیب و غریب ہیں۔
ذیل میں دنیا کے مختلف ممالک میں سالِ نو کے موقع پر ادا کی جانے والی چند منفرد روایات پیش کی جا رہی ہیں:
1: 12 گول پھل — فلپائن
فلپائن میں سال نو کے موقع پر مہمانوں کو 12 اقسام کے گول پھل پیش کیے جاتے ہیں۔ یہ پھل سکوں کی مانند خوشحالی کی علامت سمجھے جاتے ہیں، جبکہ ہر پھل سال کے ایک مہینے کی نمائندگی کرتا ہے۔ روایت کے مطابق یہ پھل رات گئے میز کے وسط میں رکھے جاتے ہیں۔
2: 108 بار گھنٹیوں کا بجنا — جاپان
جاپان میں 31 دسمبر کی رات مندروں میں 108 مرتبہ گھنٹیاں بجائی جاتی ہیں۔ بدھ مت سے جڑی اس روایت کا مقصد انسان کی 108 دنیاوی خواہشات سے نجات حاصل کرنا اور نئے سال کا پاکیزہ آغاز کرنا ہے۔
3: توے اور برتن بجانا — مختلف ممالک
کئی ممالک میں لوگ سال نو پر گھروں سے نکل کر توے اور برتن بجاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس روایت کا آغاز آئرلینڈ سے ہوا، جس کا مقصد منفی توانائی اور برے خیالات کو دور بھگانا ہے۔
4: کلینِگ ویلز — ویلز (برطانیہ)
ویلز میں سال کے پہلے دن بچے گھر گھر جا کر گانے یا نظمیں سناتے ہیں، جس کے بدلے انہیں تحائف، چاکلیٹ یا سکے دیے جاتے ہیں۔ اس روایت کو “کلینِگ ویلز” کہا جاتا ہے۔
5: خواہش لکھ کر جلانا — روس اور آرمینیا
ان ممالک میں لوگ اپنی خواہش کاغذ پر لکھ کر جلاتے ہیں اور گھڑی کے 12 بجتے ہی اس کی راکھ کسی مشروب میں ملا کر پی لیتے ہیں، تاکہ خواہش نئے سال میں پوری ہو۔
6: کیک کے اندر سکہ — قبرص
قبرص اور بعض یورپی ممالک میں سال نو پر “ویسیلوپیتا” نامی کیک بنایا جاتا ہے، جس میں ایک سکہ چھپا ہوتا ہے۔ جس کے حصے میں سکہ آ جائے، اسے سال بھر خوش نصیبی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
7: سیب کو دو حصوں میں کاٹنا — چیک ریپبلک
چیک ریپبلک میں لوگ سیب کو درمیان سے کاٹتے ہیں۔ اگر اندر ستارے جیسی شکل بنے تو اسے خوش بختی کی علامت اور اگر صلیب کی شکل ہو تو بدشگونی سمجھا جاتا ہے۔
8: کرسی سے چھلانگ لگانا — ڈنمارک
ڈنمارک میں لوگ سال نو سے چند لمحے قبل کرسی پر کھڑے ہو کر زمین پر چھلانگ لگاتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اس سے پرانا سال پیچھے رہ جاتا ہے اور نیا سال خوشیوں کے ساتھ شروع ہوتا ہے۔
9: ہوگ مینے — اسکاٹ لینڈ
اسکاٹ لینڈ میں نئے سال کے جشن کو “ہوگ مینے” کہا جاتا ہے۔ لوگ مشعلیں جلا کر، روایتی لباس پہن کر اور موسیقی کے ساتھ سڑکوں پر جشن مناتے ہیں۔
10: انگور کے 12 دانے کھانا — اسپین
اسپین میں سال نو کے آغاز پر 12 انگور کھائے جاتے ہیں۔ ہر انگور سال کے ایک مہینے کی نمائندگی کرتا ہے اور اسے خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ روایت لاطینی امریکا اور انڈونیشیا میں بھی پائی جاتی ہے۔
11: ساحل پر 7 مرتبہ اچھلنا — برازیل
برازیل میں لوگ سال نو کی رات ساحل پر جا کر سمندر کی لہروں کے ساتھ 7 مرتبہ اچھلتے ہیں اور سمندر کے دیوتا کے لیے پھول نذر کرتے ہیں، تاکہ آنے والا سال خوش قسمت ہو۔
12: خالی سوٹ کیس کے ساتھ چہل قدمی — لاطینی امریکا
لاطینی امریکا کے کئی ممالک میں لوگ نئے سال پر خالی سوٹ کیس لے کر گھر کے باہر نکلتے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ نیا سال سفر اور ایڈونچر سے بھرپور ہوگا۔
دنیا بھر میں سالِ نو کی یہ رنگا رنگ اور منفرد روایات اس بات کا ثبوت ہیں کہ خوشی، امید اور نئے آغاز کا تصور ہر ثقافت میں مختلف مگر دلکش انداز میں منایا جاتا ہے.