انگلینڈ کے ویلز میں ایک عادی چور خاتون نے پولیس کو کئی بار چکمہ دے کر ہزاروں پاؤنڈ مالیت کا قیمتی پرفیوم چوری کیا، لیکن عدالت نے اسے ایسا منفرد سزا سنائی کہ سب حیران رہ گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 27 سالہ اگیتا سیکا ایک سال سے اسٹورز میں چوری کی وارداتوں کے ذریعے پولیس کو چکمہ دیتی رہی۔ خاتون کو پہلی بار اگست 2024 میں مانچسٹر کے چیڈل میں پرفیوم چین کے اسٹور سے ڈیزائنر پرفیوم چوری کرنے کی کوشش کے دوران پکڑا گیا تھا، لیکن وہ بعد میں فرار ہو گئی۔
چوری کی اس واردات کے بعد اگیتا سیکا کو اسٹاک پورٹ مجسٹریٹ کورٹ میں پیش ہونا تھا، مگر وہ عدالت میں حاضر نہ ہوئی اور اس دوران مزید چوری کی وارداتیں کیں، جن میں جان لیوس کے اسٹورز سے قیمتی اشیا کی چوری بھی شامل ہے۔
آخرکار، نومبر 2025 میں خاتون کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری سے قبل اگیتا سیکا کئی بار روپ بدل کر خود کو بچانے کی کوشش کرتی رہی، لیکن اس کی تمام وارداتیں عدالت کے سامنے آئیں۔
نیوکاسٹل مجسٹریٹ کورٹ میں اگیتا سیکا نے چار جرائم کا اعتراف کیا، جن میں صرف تین ماہ کے دوران دو ہزار 400 پاؤنڈ سے زیادہ مالیت کی چوری شامل تھی۔
عدالت نے اگیتا سیکا کے تسلسل سے مجرمانہ رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے جان لیوس کے تمام اسٹورز میں ایک سال تک داخلے پر پابندی عائد کی۔ عدالت کے مطابق یہ پابندی اس کے لیے اصلاح اور مستقبل میں چوری کی وارداتیں روکنے کا ایک مؤثر اقدام ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ سزا منفرد ہے کیونکہ عام طور پر چوری کے مقدمات میں قید یا جرمانہ سنایا جاتا ہے، لیکن اسٹورز میں داخلے کی پابندی ایک ایسا حل ہے جو خاص طور پر چھوٹے کاروباری اداروں اور اسٹور چینز کے لیے پیشگی حفاظتی اقدام کے طور پر مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔