تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری کشیدگی نے شدت اختیار کرلی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آج ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 12 تھائی شہری ہلاک ہوگئے جبکہ کمبوڈیا کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد تاحال سامنے نہیں آئی۔
دونوں ممالک ایک دوسرے پر جھڑپیں شروع کرنے کا الزام لگا رہے ہیں، رپورٹس کے مطابق تصادم کی ابتدا سرحدی جھڑپ سے ہوئی جس کے بعد حالات بگڑتے چلے گئے۔
تھائی لینڈ نے الزام عائد کیا ہے کہ کمبوڈیا کی جانب سے پہلے راکٹ فائر کیے گئے جس کے جواب میں تھائی افواج نے کمبوڈیائی فوجی ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان یہ تنازع نیا نہیں بلکہ تقریباً ایک صدی پرانا ہے جب فرانسیسی نوآبادی کے خاتمےکے بعد دونوں ممالک کی سرحدیں متعین کی گئیں۔بعد ازاں 2008 میں کمبوڈیا نے سرحدی علاقے میں موجود 11ویں صدی کے ایک مندر کو یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹ کے طور پر رجسٹر کرنے کی کوشش کی، جس پر تھائی لینڈ نے شدید احتجاج کیا جس کے بعد سرحدی کشیدگی نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی۔
بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہی ہیں جن میں دونوں طرف فوجی اور عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آتی رہیں۔
حالیہ کشیدگی رواں سال مئی میں اس وقت بڑھی جب تھائی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ایک کمبوڈیائی فوجی مارا گیا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات ایک دہائی کی کم ترین سطح پر آگئے۔
گزشتہ دو ماہ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر تجارتی پابندیاں لگائیں، سرحد پر تعینات افواج کی تعداد میں اضافہ کیا اور آمدورفت محدود کردی۔
دونوں ممالک کے درمیان آج جھڑپیں کیسے شروع ہوئیں؟
دونوں ممالک کی جانب سے آج کی جھڑپوں کے حوالے سے مختلف بیانات دیے گئےہیں۔
تھائی لینڈ کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے مطابق جمعرات کی صبح ساڑھے 7 بجے کمبوڈیائی فوج نے سرحد کے قریب تھائی فوجیوں کی نگرانی کے لیے ڈرون بھیجا، اس کے کچھ دیر بعد راکٹ لانچر سے لیس کمبوڈیائی فوجی سرحد کے قریب جمع ہوگئے۔ تھائی فوجیوں نے ان سے بات چیت کی کوشش کی لیکن ناکام رہے جس کے بعد کمبوڈیائی فوج نے فائرنگ شروع کردی جس پر تھائی فوج کو جوابی کارروائی کرنی پڑی۔
تھائی لینڈ کا الزام ہے کہ کمبوڈیا نے BM-21 راکٹ لانچر اور توپ خانے کا استعمال کیا جس سے سرحد کے قریب گھروں، اسپتال اور پٹرول پمپ کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب کمبوڈیا کا دعویٰ ہے کہ تنازع کی شروعات صبح ساڑھے 6 بجے ہوئی جب تھائی فوجیوں نے ایک معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد کے قریب ایک مندر کی طرف پیش قدمی کی اور اس کے گرد خاردار تار لگائی۔
کمبوڈیائی وزارتِ دفاع کے مطابق تھائی فوجیوں کی جانب سے ڈرون بھی بھیجا گیا اور پھر تھائی فوج نے بلااشتعال فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں کمبوڈیائی فوج نے اپنی ’دفاعی کارروائی‘ کی۔
کمبوڈیا نے الزام لگایا کہ تھائی لینڈ نےجھڑپوں میں بھاری ہتھیار استعمال کیے اور کمبوڈیائی علاقے میں فضائی حملے کیے۔