اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان کا بھرپور جواب، بھارت دہشت گردی اور ریاستی جبر کا اصل ذمہ دار قرار

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے بھارت کے بیانات کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی اور ریاستی جبر کا اصل ذمہ دار بھارت ہے۔

پاکستانی مندوب نے بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کا غاصب اور غنڈہ ہے، جو سرحد پار دہشت گردانہ نیٹ ورکس چلاتا ہے اور پراکسی کے ذریعے پاکستان کے اندر اور باہر کارروائیاں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس بات کا ٹھوس ثبوت ہے۔

پہلگام واقعہ اور بھارتی رویہ

محمد راشد نے بتایا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے پہلگام واقعے کی مذمت کی اور آزاد و شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر بھارت نے اسے فوراً مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس واقعے کو بہانہ بنا کر کھلی جارحیت کی، جس پر پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ پاکستانی افواج نے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان نے بھارت کو آئینہ دکھایا تو بھارتی سفارتکار اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔

پاکستان کی قربانیاں اور بھارتی پروپیگنڈا

سیکنڈ سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے۔ اس کے باوجود بھارت پاکستان پر جھوٹے الزامات لگاتا ہے۔ ان کے مطابق، بھارتی رویہ “بار بار جھوٹ دہرا کر اسے سچ بنانے کی کوشش” ہے۔

خطے کے امن پر زور

محمد راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے۔ جنوبی ایشیا کے 1.9 ارب عوام، جو دنیا کی ایک چوتھائی آبادی ہیں، خوشحالی اور استحکام کے مستحق ہیں۔ لیکن یہ مقاصد دھمکیوں، جھوٹے پروپیگنڈے اور خوف کی فضا میں کبھی حاصل نہیں ہو سکتے۔

Related posts

دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل، کل دوبارہ ملاقات ہوگی

پاک افغان کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر فیک نیوز کی یلغار، افغان اکاؤنٹس نے شمالی کوریا کی تصویر کو اپنا میزائل تجربہ قرار دے دیا

صدر ٹرمپ کا دعویٰ: پاکستان اور افغانستان کی جنگ ختم کرنا میرے لیے بہت آسان ہے