دبئی: بھارتی بورڈ کے دباؤ پر بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ فائنل جیتنے کے باوجود صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔
ٹرافی لینے سے انکار، تقریب تاخیر کا شکار
فائنل تقریب دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی مگر بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کے باعث تقریب تاخیر کا شکار رہی۔ بھارتی کھلاڑیوں نے نہ صرف پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا بلکہ ٹرافی بھی صدر اے سی سی سے لینے پر آمادہ نہ ہوئے۔
بی سی سی آئی نے باضابطہ اطلاع دی
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ بھارتی ٹیم ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔ اس صورتحال کے بعد ٹرافی میدان سے واپس منگوا لی گئی۔
محسن نقوی اپنے فیصلے پر قائم
اے سی سی صدر محسن نقوی نے بھارتی ٹیم کے رویے کے باوجود اپنا مؤقف برقرار رکھا اور کسی اور سے بھی ٹرافی دلوانے سے انکار کردیا۔
تقریب کے میزبان کا انکشاف
تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے بتایا کہ انہیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے مطلع کیا گیا کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔
اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے کھیل کے جذبے کے برعکس رویہ اختیار کیا۔ نہ تو بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملایا اور نہ ہی فائنل سے قبل دونوں کپتانوں کی مشترکہ تصویر لی گئی۔