دوبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیا ہے اور کہا ہے کہ جنگ کو کھیل سے جوڑنا مایوسی کی علامت ہے۔
“کھیل کی اصل روح کو مجروح کیا گیا”
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے کھیل کو سیاست اور جنگ سے جوڑنا افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق ایسا رویہ کھیل کی اصل روح کو مجروح کرتا ہے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔
“تاریخ پاکستان کی کامیابیوں کی گواہ ہے”
صدر اے سی سی نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
“اگر جنگ تمہارے فخر کا پیمانہ ہے تو تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں ہمیشہ رسوائی اور شکست ہی ملی ہے۔ کسی کرکٹ میچ کا نتیجہ اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔”
کھیل اور سیاست الگ رکھنے پر زور
محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ اور دیگر کھیلوں کا مقصد خطے میں امن، محبت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔ کھیل کو نفرت یا سیاسی مفاد کے لیے استعمال کرنا نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ کروڑوں شائقین کے ساتھ ناانصافی ہے۔