غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں دو یرغمالیوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کے تحفظ کے لیے شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائی کارروائیاں کم از کم 24 گھنٹوں کے لیے روکی جائیں تاکہ انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔ تنظیم کے مطابق اسرائیلی فوج کی مسلسل بمباری نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
اسرائیلی حملے جاری
غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے نصیرت پناہ گزین کیمپ سمیت کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید 41 فلسطینی شہید ہوگئے۔
خان یونس میں ڈھائی ماہ کا ایک بچہ بھوک اور طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
امدادی کاموں میں مشکلات
فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیلی افواج رہائشی مکانات اور عمارتوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، جس کے باعث طبی ٹیموں کو زخمیوں تک پہنچنے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ہلاکتوں کا تازہ شمار
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث:
• 66 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں
• 1 لاکھ 68 ہزار 162 افراد زخمی ہوئے ہیں