کراچی: پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد بھارت کا خوف بڑھتا جا رہا ہے، جس کی تازہ مثال اس وقت سامنے آئی جب کراچی سے کولمبو جانے والے کارگو طیارے کو بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق باکو سے بھارتی شہر چنئی جانے والی پرواز زیڈ پی 4771 نے 23 ستمبر کو فنی خرابی کے باعث کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔ طیارہ 5 دن تک کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ رہا اور غیر ملکی ماہرین کی نگرانی میں اس کی مرمت مکمل کی گئی۔
مرمت کے بعد طیارے نے کولمبو جانا تھا لیکن بھارتی حکام نے مبینہ طور پر اسے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ نتیجتاً طیارے کو طویل ترین متبادل روٹ اختیار کرنا پڑا۔
کراچی سے اڑان بھرنے کے بعد طیارہ گوادر کے راستے ایران میں داخل ہوا، پھر دبئی اور مسقط گیا، اس کے بعد بحیرۂ عرب پر طویل پرواز کے بعد مالدیپ کے راستے کولمبو پہنچا۔ اس روٹ کے باعث معمول کا 3 گھنٹے کا سفر 7 گھنٹے سے زائد وقت میں مکمل ہوا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فضائی حدود نہ دینے کی وجوہات سامنے نہیں آئیں، تاہم کہا جا رہا ہے کہ مودی سرکار کی جانب سے پاکستان کے ساتھ جنگ میں بدترین شکست کے بعد خوف کے عنصر کے تحت ایسا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے بھارت جانے والی بیشتر غیر ملکی پروازیں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں، مگر اس واقعے نے بھارتی رویے پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔