جونپور:بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 75 سالہ کسان سنگرو رام اپنی 35 سالہ دلہن سے شادی کے اگلے ہی روز انتقال کرگیا۔
شادی کی تفصیل
بھارتی میڈیا کے مطابق سنگرو رام کی پہلی اہلیہ ایک سال قبل انتقال کرگئی تھیں جس کے بعد وہ اکیلا زندگی گزار رہا تھا۔ حال ہی میں اس نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔ گاؤں والوں نے عمر کے باعث اسے اس قدم سے روکنے کی کوشش کی لیکن سنگرو رام نے ان کی مخالفت کے باوجود 35 سالہ منبھاوتی سے کورٹ میرج کرلی۔ شادی کے بعد گاؤں کے مندر میں ایک چھوٹی سی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
منبھاوتی کی دوسری شادی
منبھاوتی کی بھی یہ دوسری شادی تھی۔ اس کے پہلے شوہر سے اس کے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ سنگرو نے شادی سے قبل منبھاوتی کو یقین دلایا تھا کہ وہ نہ صرف اس کے ساتھ زندگی گزارے گا بلکہ اس کے بچوں کی پرورش کی ذمہ داری بھی اٹھائے گا۔
اگلے دن اچانک موت
تاہم شادی کے اگلے ہی روز سنگرو رام اچانک انتقال کرگیا۔ اہل خانہ نے اس کی موت کو مشتبہ قرار دیتے ہوئے پولیس میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
پولیس کی کارروائی
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے