واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ جلد ابراہم اکارڈز (Abraham Accords) میں توسیع ہوگی اور سعودی عرب بھی اس تاریخی معاہدے کا حصہ بنے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس بزنس نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ “میں توقع رکھتا ہوں کہ سعودی عرب اس معاہدے میں شامل ہوگا، اور جب سعودی عرب شامل ہوگا تو میرا خیال ہے کہ باقی ممالک بھی شامل ہو جائیں گے۔”
ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی اُن ممالک سے “بہت اچھی بات چیت” ہوئی ہے جنہوں نے ابراہم اکارڈز میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ “وہ سب بہت جلد معاہدے میں شامل ہونے والے ہیں۔”
یاد رہے کہ ابراہم اکارڈز 2020 میں ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت کے دوران طے پائے تھے، جن کے تحت اسرائیل اور بعض عرب ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوئے۔ ابتدا میں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اس معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے بعد مراکش اور سوڈان بھی اس میں شامل ہوئے تھے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ ابراہم اکارڈز کے دائرہ کار کو مزید وسیع دیکھنے کے خواہاں ہیں تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔