دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل، کل دوبارہ ملاقات ہوگی

دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا۔ مذاکرات کی میزبانی قطری انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کر رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفد کی قیادت کی، جبکہ اعلیٰ سیکیورٹی حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ افغانستان کی جانب سے وزیر دفاع ملا یعقوب وفد کی سربراہی کر رہے ہیں اور افغان انٹیلی جنس چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پاکستان نے افغانستان سے دہشتگرد گروپوں کی دراندازی کے خاتمے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات کی۔ پاکستانی وفد نے افغان نمائندوں پر واضح کیا کہ افغان سرزمین پر کالعدم گروپوں کی موجودگی ناقابلِ قبول ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوچکا ہے، جبکہ اگلا دور کل صبح دوبارہ دوحہ میں ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قطر میں پاکستان اور افغان طالبان رجیم کے درمیان ہونے والے رابطوں میں سرحدی کشیدگی میں کمی اور دوحہ مذاکرات تک سیز فائر پر اتفاق کیا گیا تھا۔

Related posts

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا صحافی کے سوال پر دلچسپ جواب: ’’آپ کی ماں نے‘‘

پاک افغان کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر فیک نیوز کی یلغار، افغان اکاؤنٹس نے شمالی کوریا کی تصویر کو اپنا میزائل تجربہ قرار دے دیا

صدر ٹرمپ کا دعویٰ: پاکستان اور افغانستان کی جنگ ختم کرنا میرے لیے بہت آسان ہے