واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہنگری کے دارالحکومت بُڈاپیسٹ میں مجوزہ ملاقات سے متعلق ایک سوال پر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کا غیر معمولی ردِعمل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے بُڈاپیسٹ میں ملاقات پر اتفاق کیا۔
پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے ترجمان سے سوال کیا کہ ’’بُڈاپیسٹ میں ملاقات کے مقام کا فیصلہ کس نے کیا؟‘‘ اس پر کیرولین لیویٹ نے طنزیہ انداز میں جواب دیا: ’’آپ کی ماں نے۔‘‘
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جب صحافی نے وضاحت چاہی کہ آیا یہ جواب مزاح کے طور پر دیا گیا تھا، تو کیرولین لیویٹ نے کہا:
’’آپ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایسے شخص ہیں جو خود کو صحافی کہتے ہیں۔ میرے لیے یہ بات مزاح ہی ہے کیونکہ کوئی آپ کو سنجیدہ نہیں لیتا، حتیٰ کہ آپ کے ساتھی بھی نہیں۔‘‘
ترجمان کے اس جواب پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا، جہاں صارفین نے اسے غیر پیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے رویے پر سوالات اٹھائے۔