اسلام آباد: وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے سدباب کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دوحہ میں گزشتہ رات طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ درست سمت میں اٹھایا گیا پہلا مثبت قدم ہے جو خطے میں امن و استحکام کی جانب پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان برادر ممالک قطر اور ترکیہ کے تعمیری کردار کو سراہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکیہ میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں ٹھوس اور قابلِ تصدیق مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر بات چیت کی جائے گی تاکہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے خاتمے کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات پر فوری عملدرآمد ہونا چاہیے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، باہمی تعاون اور سلامتی کے فروغ کے لیے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔