پاکستان اور افغانستان فوری جنگ بندی پر متفق — مذاکرات قطر اور ترکیے کی ثالثی میں مکمل

دوحہ: قطری وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان فوری جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔ یہ فیصلہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران قطر اور ترکیے کی ثالثی میں طے پایا۔

قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی کا یہ فیصلہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ وزارت کے مطابق، دونوں ممالک نے آئندہ چند دنوں میں مزید ملاقاتیں کرنے اور امن و استحکام کے لیے مستقل مانیٹرنگ مکینزم تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جنگ بندی سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں کمی آئے گی اور تعلقات میں بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق، دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کی میزبانی قطری انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ نے کی۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ سکیورٹی حکام نے ان کی معاونت کی۔

دوسری جانب، افغان وفد کی سربراہی وزیرِ دفاع ملا محمد یعقوب نے کی۔ مذاکرات کا پہلا دور جمعہ کے روز مکمل ہوا، جس کے دوران دونوں فریقین نے فائر بندی میں مزید توسیع پر اتفاق کیا۔

قطری وزارتِ خارجہ نے کہا کہ قطر اور ترکیہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے، اور اس معاہدے کو علاقائی تعاون کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔

Related posts

حماس کا وفد جنگ بندی کے نفاذ کی پیروی کے لیے قاہرہ پہنچ گیا

شکاگو ایئرپورٹ: یونائیٹڈ ایئرلائن کا طیارہ دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا، کوئی زخمی نہیں

دبئی: ڈیلیوری بائک کے لیے نئی ٹریفک پابندیاں نافذ، مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا