واشنگٹن: امریکا بھر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج جاری ہے، ایسے میں سابق امریکی صدر کی جانب سے ایک اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرمپ جیٹ طیارہ اڑا رہے ہیں جبکہ ان کے سر پر بادشاہوں کی طرح ایک تاج رکھا گیا ہے۔
ویڈیو کے ایک حصے میں وہ احتجاجی مظاہرین پر طیارے سے کچرا (گندگی) پھینکتے نظر آتے ہیں، جس سے نیچے موجود لوگ افراتفری کا شکار ہو جاتے ہیں۔
یہ ویڈیو ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” (Truth Social) پر شیئر کی۔ پوسٹ کے چند گھنٹوں کے اندر ہی ویڈیو وائرل ہوگئی اور امریکی میڈیا سمیت سوشل پلیٹ فارمز پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب “No Kings” کے عنوان سے امریکا کے 2700 شہروں میں ایک ہی دن میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق صرف شکاگو میں ہی ڈھائی لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے تارکین وطن کی بے دخلی، فوج کی ریاستوں میں تعیناتی، اور ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے صدر ٹرمپ کو “آمر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا میں “مزید آمریت برداشت نہیں کی جائے گی۔”
ادھر ردِعمل دیتے ہوئے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ خود کو بادشاہ تصور نہیں کرتے، جبکہ ری پبلکن رہنماؤں نے مظاہروں کو “امریکا مخالف ایجنڈے کا حصہ” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کی اے آئی ویڈیو نے نہ صرف اخلاقی تنازع کھڑا کیا ہے بلکہ ٹیکنالوجی کے سیاسی استعمال پر بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔