شکاگو: شکاگو کے اوہیئر ایئرپورٹ پر یونائیٹڈ ایئرلائن کے ایک طیارے کا حادثہ پیش آیا جس میں وہ دوسرے طیارے کی ٹیل سے ٹکرا گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور تمام مسافر بحفاظت طیارے سے نکال لیے گئے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یونائیٹڈ کی پرواز 2652 گیٹ کی طرف بڑھ رہی تھی اور طیارے کا اسٹیبلائزر دوسرے طیارے سے ٹکرا گیا۔ یونائیٹڈ ایئرلائنز کے بیان میں کہا گیا کہ 113 مسافروں کو معمول کے طریقہ کار کے تحت طیارے سے اتارا گیا، تاہم انہیں معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حادثے کا واقعہ اس سال کے دیگر واقعات سے ملتا جلتا ہے، جیسے اگست میں برطانیہ کے مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو طیارے اڑان بھرنے کی تیاری کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئے تھے۔ ایزی جیٹ کے دو طیارے، جو پیرس اور جبرالٹر جانے والے تھے، زمین پر رہتے ہوئے ایک دوسرے سے ٹکرائے جس سے کچھ پروازیں متاثر ہوئیں۔