اسلام آباد: افغانستان میں طالبان حکومت نے ایک اور سخت اقدام کرتے ہوئے پاکستان مخالف پروپیگنڈا نشر نہ کرنے پر ملک کے دوسرے بڑے نیوز چینل “شمشاد نیوز” کی نشریات بند کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق طالبان حکومت نے شمشاد نیوز کی ٹی وی، ریڈیو اور سوشل میڈیا سروسز مکمل طور پر معطل کر دی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شمشاد نیوز نے پاکستان مخالف مواد نشر کرنے اور طالبان حکومت کے یکطرفہ موقف کو بغیر تحقیق کے پیش کرنے سے انکار کیا تھا، جس پر یہ کارروائی کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق طالبان انتظامیہ نے افغان قومی ٹیلی ویژن کی نشریات بھی تین صوبوں — قندھار، تخار اور بادغیس — میں معطل کر دی ہیں۔
افغان جرنلسٹس سینٹر نے اس صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان حکومت کے زیرِ اقتدار میڈیا پر دباؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے اور آزادیٔ اظہار کو مزید محدود کیا جا رہا ہے۔
تنظیم کے مطابق طالبان نے مذہب کی آڑ میں بنائے گئے سخت گیر قوانین کے ذریعے میڈیا کو خاموش کرنے کی منظم کوشش شروع کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق طالبان حکومت کے اس اقدام کو آزادیٔ صحافت پر حملہ اور اختلافِ رائے دبانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ طالبان حکومت اس سے قبل بھی خواتین صحافیوں پر پابندیوں، میڈیا سنسرشپ اور تنقیدی آوازوں کو دبانے کے اقدامات کر چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان مخالف پروپیگنڈا نہ کرنے پر شمشاد نیوز کو بند کرنا طالبان حکومت کی عدم برداشت، تنگ نظری اور آمرانہ سوچ کا مظہر ہے۔