دیوالی کی آتش بازی سے نئی دہلی میں آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، لاہور میں سموگ کا خطرہ

لاہور: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں دیوالی کی تقریبات کے بعد فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 821 تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب لاہور میں اس وقت فضائی آلودگی کی شرح 221 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق، نئی دہلی اور شمالی بھارت کے شہروں میں آتش بازی کے باعث فضا میں دھواں اور زہریلے ذرات کی مقدار بڑھ گئی ہے، جو کل (بدھ) سے پاکستان کے مشرقی شہروں کی فضا پر اثر انداز ہوں گے۔

ہواؤں کا رخ پاکستان کی طرف

محکمہ موسمیات کے مطابق، کل ہوائیں مشرقی سمت سے مغرب کی جانب چلیں گی۔
• دھرمشالہ سے چلنے والی 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار والی ہوائیں گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد کی سمت آئیں گی۔
• لدھیانہ اور سری گنگانگر سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار والی ہوائیں ساہیوال اور بورے والا میں داخل ہوں گی۔
• ہریانہ سے آنے والی ہوائیں بہاولپور، رحیم یار خان اور ملتان کے علاقوں میں پہنچیں گی۔

کل لاہور میں فضائی آلودگی کی اوسط 210 سے 240 AQI کے درمیان رہنے کی پیشگوئی ہے، جبکہ ہوا کی رفتار دن بھر 3 سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کم رفتار کی ہوائیں آلودگی کے ذرات کے بکھرنے میں وقت لیں گی، تاہم آہستہ آہستہ ہوا کے معیار میں بہتری آئے گی۔

پنجاب حکومت کے اقدامات

پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں سموگ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔
• لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (LDA)، واسا اور ای پی اے فورس نے شہر بھر میں پانی کے چھڑکاؤ کا مشترکہ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
• پنجاب کا پہلا سموگ مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فضائی آلودگی کا ڈیٹا مسلسل جمع کر رہا ہے۔
• سموگ ہاٹ سپاٹس پر اینٹی سموگ واٹر گنز استعمال کی جا رہی ہیں۔
• صوبے کے دیگر شہروں میں بھی پانی کا چھڑکاؤ اور ماحولیاتی نگرانی جاری ہے۔

عوام کے لیے ایڈوائزری

پنجاب حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کل ممکنہ سموگ کے دوران ماسک کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

Related posts

امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان نایاب معدنیات کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا

ایرانی سینئر عہدیدار علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی لیک ویڈیو نے تہران میں سیاسی بھونچال برپا کردیا

بھارت میں دیوالی اور پرالی جلانے سے لاہور اور قصور میں سموگ شدت اختیار کرگئی، ’اے کیو آئی‘ خطرناک حد تک بڑھ گیا