واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے ایک حصے کو منہدم کروا دیا ہے تاکہ وہاں ایک شایانِ شان بال روم (Ballroom) تعمیر کیا جا سکے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وائٹ ہاؤس کے اندر گرائے گئے حصے کا ملبہ ہٹا کر ایک نیا وسیع و عریض ہال تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں سرکاری تقریبات، عشائیوں اور خصوصی استقبالیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں وائٹ ہاؤس کی عمارت “بے حد پسند” ہے، تاہم نئے بال روم کی تعمیر کے دوران مرکزی عمارت کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب بعض امریکی میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ منصوبے کے پیمانے اور ڈیزائن کو دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیوں سے وائٹ ہاؤس کے مرکزی حصے پر بھی اثرات پڑ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اس منصوبے کے تحت نیا بال روم جدید سہولیات، لائٹنگ اور سیکیورٹی انتظامات سے آراستہ ہوگا تاکہ اسے سرکاری تقریبات اور بین الاقوامی مہمانوں کے استقبال کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
فی الحال وائٹ ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے اس منصوبے کی مدتِ تکمیل یا لاگت سے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔