بھارت میں دیوالی اور پرالی جلانے سے لاہور اور قصور میں سموگ شدت اختیار کرگئی، ’اے کیو آئی‘ خطرناک حد تک بڑھ گیا

لاہور: بھارت میں دیوالی کی آتش بازی اور پرالی جلانے کے باعث پاکستان کے مشرقی شہروں لاہور اور قصور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) منگل کی صبح خطرناک زمرے میں داخل ہو گیا۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق بھارت کے کم از کم پانچ بڑے شہروں سے 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آلودہ ہوائیں لاہور کی فضا میں داخل ہو رہی ہیں، جس سے ہوا کا معیار شدید متاثر ہو رہا ہے۔

بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہوائیں

امرتسر، فیروزپور، پٹیالہ، گرداسپور، سنگرور، بھٹنڈہ، موگہ، برنالہ، مانسہ اور فریدکوٹ سے آنے والی ہوائیں لاہور، قصور، ساہیوال اور ملحقہ شہروں کی فضا کو آلودہ کر رہی ہیں۔
پنجاب پولیوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق یہ اضلاع پرالی جلانے کے اہم ہاٹ اسپاٹس ہیں۔

بھارتی پنجاب میں ستمبر اور اکتوبر کے دوران تقریباً 30 لاکھ ہیکٹر رقبے پر چاول کی فصل کی کٹائی ہوتی ہے، جس کے بعد 663 دیہات میں بڑے پیمانے پر پرالی جلانے کا عمل فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

لاہور میں خطرناک فضائی صورتحال

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج مشرقی سمت سے مغرب کی جانب 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے، جو بھارت سے آلودگی کو مزید پاکستانی حدود میں دھکیل سکتی ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ زہریلی ہوا خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

پنجاب حکومت کے ہنگامی اقدامات

سموگ کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اینٹی سموگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
• لاہور کے مختلف علاقوں میں پانی کا مسلسل چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔
• ایل ڈی اے، واسا، پی ایچ اے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں مشترکہ طور پر کارروائی کر رہی ہیں۔
• اینٹی سموگ واٹر گنز آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس میں سرگرم ہیں۔
• کنسٹرکشن سائٹس پر دھول کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ جاری ہے۔
• ای پی اے فورس، بھٹوں اور انڈسٹری کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کر رہی ہے۔

سرکاری بیان

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ پر قابو پانے کے لیے پنجاب حکومت کی سیکٹورل مشینری پوری طرح متحرک ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی ماسک کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ایئر کوالٹی انڈیکس سے متعلق جاری اپڈیٹس پر عمل کریں۔

Related posts

امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان نایاب معدنیات کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا

ایرانی سینئر عہدیدار علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی لیک ویڈیو نے تہران میں سیاسی بھونچال برپا کردیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کا حصہ گرا کر نیا شاندار بال روم بنانے کا فیصلہ کرلیا