ایرانی سینئر عہدیدار علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی لیک ویڈیو نے تہران میں سیاسی بھونچال برپا کردیا

تہران: ایران کے سینئر ترین دفاعی اور قومی سلامتی کے عہدیدار ریئر ایڈمرل علی شمخانی کی بیٹی کی شادی کی لیک ویڈیو نے ملک میں سیاسی و عوامی سطح پر شدید ہلچل مچا دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویڈیو میں ریئر ایڈمرل علی شمخانی کو اپنی بیٹی کے ہمراہ شادی ہال میں داخل ہوتے دیکھا گیا، جبکہ دلہن نے مغربی طرز کا عروسی لباس زیب تن کر رکھا تھا اور تقریب میں موجود خواتین بھی بغیر حجاب کے دکھائی دے رہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر شدید ردعمل

یہ ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور ایرانی عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ علی شمخانی جیسے اعلیٰ عہدیداروں کا طرزِ عمل اُن قوانین اور پابندیوں سے بالکل مختلف ہے جنہیں وہ عوام پر نافذ کرتے ہیں۔

ایک ایرانی صحافی عامر حسین موصلا نے لکھا:

“ایرانی حکام اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین پر عمل نہیں کرتے، وہ صرف عوام کی زندگی کو مشکل بنانا چاہتے ہیں۔”

’اسکینڈل نے دفن کردیا‘ – ایرانی میڈیا

تہران کے ایک مقامی اخبار نے علی شمخانی کی تصویر کے ساتھ ہیڈلائن شائع کی:

“اسکینڈل نے دفن کردیا”

رپورٹس کے مطابق، عوامی دباؤ کے بعد علی شمخانی کے استعفے کا مطالبہ بھی زور پکڑ چکا ہے۔

پس منظر

ریئر ایڈمرل علی شمخانی ایران کے ان چند بااثر عہدیداروں میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
وہ ملک میں خواتین کے حقوق سے متعلق مظاہروں کے دوران ہونے والے کریک ڈاؤن کے احکامات دینے والے حکام میں بھی شامل رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، شادی کی یہ تقریب گزشتہ سال اپریل 2024 میں منعقد ہوئی تھی، تاہم ویڈیو حال ہی میں لیک ہوئی ہے جس نے ایران کے سیاسی اور مذہبی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Related posts

امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان نایاب معدنیات کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا

بھارت میں دیوالی اور پرالی جلانے سے لاہور اور قصور میں سموگ شدت اختیار کرگئی، ’اے کیو آئی‘ خطرناک حد تک بڑھ گیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کا حصہ گرا کر نیا شاندار بال روم بنانے کا فیصلہ کرلیا