واشنگٹن: امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان نایاب معدنیات (Rare Minerals) کے شعبے میں تعاون سے متعلق اہم معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے کیے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور توانائی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر وہ اگلے سال چین کا دورہ کریں گے، اور انہیں امید ہے کہ بیجنگ کے ساتھ ایک منصفانہ تجارتی معاہدہ طے پائے گا۔
روس۔یوکرین جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یوکرین جنگ جیت نہیں پائے گا۔ ان کے مطابق، اس تنازعے کا واحد حل جنگ بندی ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
یہ معاہدہ امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو نئی سمت دینے کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی منڈی میں نایاب معدنیات کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔