لندن میں مریم نواز کی قانونی فتح، پاکستانی چینل نے توشہ خانہ الزامات پر معافی مانگ لی

لندن: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے برطانیہ میں ایک اہم قانونی کامیابی حاصل کرلی۔ توشہ خانہ کیس سے متعلق الزامات پر پاکستانی نجی ٹی وی چینل نے برطانوی عدالت میں مریم نواز سے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق، مریم نواز نے یو کے ہائی کورٹ میں ’گلیکسی براڈ کاسٹنگ نیٹ ورک یو کے‘ کے نام سے رجسٹرڈ ایک نجی نیوز چینل کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ یہ مقدمہ اُس پروگرام کے حوالے سے تھا جو 17 نومبر 2022 کو نشر ہوا، جس میں یہ الزام لگایا گیا کہ مریم نواز نے مبینہ طور پر بیوروکریٹس کے ساتھ ملی بھگت سے توشہ خانہ سے ایک قیمتی گھڑی غیر قانونی طور پر حاصل کی۔

پروگرام میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مریم نواز نے 10 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی صرف 45 ہزار روپے میں خریدی، جو بعد ازاں غلط اور بے بنیاد ثابت ہوا۔

مریم نواز کی قانونی ٹیم میں ڈاوٹی اسٹریٹ چیمبرز کے بیرسٹر ڈیوڈ لیمر اور اسٹون وائٹ سولیسیٹرز کی سعدیہ قریشی اور عشرت سلطانہ شامل تھیں، جنہوں نے برطانوی عدالت میں یہ مقدمہ لڑا۔

عدالتی کارروائی کے دوران ٹی وی چینل نے الزامات کو غلط معلومات پر مبنی قرار دیتے ہوئے برطانوی عدالت میں مریم نواز شریف سے باضابطہ معافی مانگ لی۔

چینل کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا:

“ہم تسلیم کرتے ہیں کہ توشہ خانہ کے حوالے سے مریم نواز پر لگائے گئے الزامات غلط معلومات کی بنیاد پر تھے۔ ہم اس سے پیدا ہونے والی تکلیف اور نقصان پر معذرت خواہ ہیں۔”

قانونی ماہرین کے مطابق، یہ مقدمہ مریم نواز کی شخصی ساکھ اور سیاسی وقار کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستانی سیاستدانوں کے خلاف پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کے خلاف ایک مثال بن سکتا ہے۔

Related posts

عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ: اسرائیل غزہ میں امدادی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتا

سعودی عرب میں بدعنوانی کے خلاف بڑی کارروائی، 17 سرکاری اہلکار گرفتار

معروف بھارتی پنجابی گلوکار تیجی کالون قاتلانہ حملے میں زخمی