ہیوسٹن: امریکا کے شہر ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والے ارب پتی مخیر جوڑے نینسی اور رِچ کنڈر نے اپنی 95 فیصد دولت فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ رقم تقریباً 11.2 ارب ڈالر (یعنی 29 کھرب روپے) بنتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کنڈر جوڑے کی جانب سے عطیہ کی جانے والی خطیر رقم ہیوسٹن کے مقامی فلاحی منصوبوں، پارکس کی بحالی، تعلیمی اداروں اور کمیونٹی پروگرامز پر خرچ کی جائے گی۔
نینسی اور رِچ کنڈر طویل عرصے سے ہیوسٹن کے سب سے نمایاں فلاحی عطیہ دہندگان میں شمار ہوتے ہیں، اور انہوں نے اس بار اپنی دولت کا بڑا حصہ عوامی خدمت کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جوڑے نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنی کل دولت کا 95 فیصد حصہ عطیہ کر رہے ہیں تاکہ اپنی زندگی کے تجربات کو دوسروں کے لیے فائدہ مند بنایا جا سکے۔
رچ کنڈر نے ایک بیان میں کہا:
“ہم بہت خوش قسمت ہیں کیونکہ ہماری کامیابی میں اُن لوگوں کا بڑا ہاتھ ہے جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ ہمارا ہمیشہ سے مقصد رہا ہے کہ جب ہم اس دنیا سے جائیں تو اسے اس سے بہتر چھوڑ کر جائیں جیسا ہم نے اسے پایا ہے۔”
ماہرین کے مطابق، کنڈر جوڑے کا یہ فیصلہ دنیا کے بڑے فلاحی اقدامات میں سے ایک ہے اور یہ اقدام امریکی سماج میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کی ایک نئی مثال قائم کرتا ہے۔