صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انکشاف: مودی کو کہا پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر بتایا تھا کہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔

اوول آفس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی، جس میں تجارت سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق، “میں نے وزیراعظم مودی سے کہا کہ پاکستان سے جنگ نہیں ہونی چاہیے۔ ہم تجارت کے ذریعے مسائل حل کر رہے ہیں۔”

امریکی صدر نے ایک اور موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تجارت کے ذریعے 8 جنگیں رکوا دیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ “پاک بھارت جنگ کے دوران 7 طیارے گرائے گئے تھے، لیکن دونوں جوہری ممالک کے درمیان جنگ کو میں نے تجارت کے ذریعے روک دیا۔”

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “میں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کو فون کر کے کہا کہ اگر آپ جنگ کرتے ہیں تو امریکا آپ سے تجارت نہیں کرے گا۔ صرف 24 گھنٹوں میں انہوں نے مجھے کال کی اور بتایا کہ وہ جنگ نہیں کریں گے۔”

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کا کریڈٹ لے چکے ہیں۔

Related posts

عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ: اسرائیل غزہ میں امدادی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتا

سعودی عرب میں بدعنوانی کے خلاف بڑی کارروائی، 17 سرکاری اہلکار گرفتار

معروف بھارتی پنجابی گلوکار تیجی کالون قاتلانہ حملے میں زخمی