اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ اور فلسطین کی تازہ صورتحال سمیت علاقائی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہوئی، جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے میں رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران فلسطین میں جاری انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار اور منصفانہ حل خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔