ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر شیخ صالح الفوزان کو سعودی عرب کا مفتی اعظم مقرر کردیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق شیخ صالح الفوزان کو سینئر علما کونسل کا سربراہ بھی تعینات کیا گیا ہے، اور ان کا درجہ ایک وزیر کے برابر ہوگا۔
شیخ صالح الفوزان کو یہ ذمہ داری سابق مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کے انتقال کے بعد دی گئی ہے۔
سعودی عرب کے نئے مفتی اعظم شیخ صالح الفوزان سعودی علما بورڈ کے ممتاز رکن، نامور فقیہ اور متعدد علمی کتب کے مصنف ہیں۔ وہ کئی دہائیوں سے مملکت کے مذہبی و فقہی اداروں سے وابستہ ہیں اور اسلامی فقہ اور فتویٰ کے شعبے میں بین الاقوامی شہرت رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد نے ان کی دینی خدمات، علمی قابلیت اور شریعت فہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تقرری کی۔