امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاک افغان مسئلہ حل کرنے کا اعلان

کوالالمپور: کوالالمپورمیں جاری آسیان سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تنازعات کو جلد حل کر لیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ “میں نے سنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پھر سے مسائل شروع ہوگئے ہیں، مگر مجھے لگتا ہے کہ میں اس مسئلے کے حل کے لیے کچھ کر سکتا ہوں۔ میں دونوں ممالک کو جانتا ہوں اور میں یہ مسئلہ اچھے طریقے سے حل کروں گا۔”

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ ان آٹھ جنگوں میں سے ایک تھی جو انہوں نے گزشتہ آٹھ ماہ میں رکوائیں، تاہم ان کے بقول “ایک اور جنگ رکوانا ابھی باقی ہے۔”

امریکی صدر نے پاکستان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اچھے لوگ ہیں، مجھے دونوں پر اعتماد ہے،” اور انہیں یقین ہے کہ پاک افغان مسئلہ جلد ختم ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان دنوں ملائیشیا میں ہونے والی 47ویں آسیان سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے موجود ہیں، جہاں وہ ایشیائی ممالک کے درمیان علاقائی امن و تعاون کے موضوعات پر بھی بات کر رہے ہیں۔

Related posts

اسرائیل اپنی سیکیورٹی پالیسی خود طے کرے گا، نیتن یاہو

سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، چار طالبات جاں بحق

کملا ہیرس کا دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا عندیہ