کوالالمپور: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کی تعریف، کہا — “پاکستان نے چند دنوں میں افغان جنگ ختم کردی”

کوالالمپور: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے چند دنوں میں افغانستان کے ساتھ جنگ کا معاملہ حل کرلیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں منعقدہ 47 ویں آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری ہیں اور وہ اب تک آٹھ جنگیں رکوا چکے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا،

“مجھے جنگیں رکوانا پسند ہے، میں نے تجارت کے ذریعے تنازعات کو ختم کیا، ہم جنگیں نہیں بلکہ تجارت چاہتے ہیں۔”

انہوں نے پاکستانی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستانی فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہترین انسان ہیں”۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوبارہ تنازع پیدا ہو گیا ہے، مگر یہ معاملہ انتہائی کم وقت میں خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کو بھی تاریخی قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ “لاکھوں جانیں بچا سکتا ہے”۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کوالالمپور میں ہوئے۔ امریکی صدر نے جولائی میں دونوں ممالک کے درمیان جاری پانچ روزہ خونریز سرحدی جھڑپوں کو ختم کرانے میں براہِ راست کردار ادا کیا تھا۔

صدر ٹرمپ آسیان ممالک کے 47 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ملائیشیا پہنچے، جہاں ملائیشین وزیراعظم نے ان کا ریڈ کارپٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ٹرمپ نہایت پرجوش نظر آئے، انہوں نے ملائیشین وزیراعظم کے ساتھ روایتی رقص میں حصہ لیا اور امریکا و ملائیشیا کے پرچم لہرائے.

Related posts

اسرائیل اپنی سیکیورٹی پالیسی خود طے کرے گا، نیتن یاہو

سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، چار طالبات جاں بحق

کملا ہیرس کا دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا عندیہ