کملا ہیرس کا دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا عندیہ

واشنگٹن: گزشتہ صدارتی انتخابات میں شکست کھانے والی ڈیموکریٹ رہنما اور سابق نائب صدر کملا ہیرس نے دوبارہ امریکی صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا عندیہ دے دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کملا ہیرس نے کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس کے لیے دوبارہ الیکشن لڑنے کے امکان کو مسترد نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے مستقبل میں امریکا کی ایک خاتون صدر ضرور ہوگی — اور یہ “ممکن ہے” کہ وہ خود ہوں۔

کملا ہیرس نے کہا، “میں نے ابھی اپنا کام مکمل نہیں کیا، دوبارہ صدارتی الیکشن لڑ سکتی ہوں، امید ہے ایک دن امریکا کی صدر بن جاؤں گی۔”

انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تک انہوں نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گی یا نہیں، تاہم انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ان کے جیتنے کے امکانات کم ہیں۔ ان کے مطابق، “میں نے ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کیا ہے، یہی میری زندگی کا مقصد ہے۔ میں نے کبھی رائے عامہ کے پولز کو اہمیت نہیں دی۔”

سابق نائب صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو “آمر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی صدارتی مہم کے دوران ٹرمپ سے متعلق کیے گئے انتباہات بالکل درست ثابت ہوئے ہیں۔

کملا ہیرس نے حال ہی میں اپنی نئی کتاب “107 ڈیز” شائع کی ہے، جس میں انہوں نے 2024 کے صدارتی انتخابات کے دوران اپنے تجربات بیان کیے ہیں۔ یہ وہ وقت تھا جب جو بائیڈن کے انتخابی دوڑ سے دستبردار ہونے کے بعد انہوں نے ڈیموکریٹک امیدوار کے طور پر ان کی جگہ لی، تاہم وہ آخرکار ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتخاب ہار گئیں۔

گزشتہ ہفتے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیے گئے انٹرویو میں 60 سالہ کملا ہیرس نے ایک بار پھر عندیہ دیا کہ 2028 میں دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا امکان موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کی قیادت میں خود کو دیکھتی ہیں، خصوصاً ٹرمپ کے خلاف مزاحمت اور 2026 کے وسط مدتی انتخابات کی تیاری کے لیے متحرک ہیں۔

Related posts

اسرائیل اپنی سیکیورٹی پالیسی خود طے کرے گا، نیتن یاہو

سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، چار طالبات جاں بحق

ایران امریکا کی بالادستی قبول نہیں کرے گا، عباس عراقچی