سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، چار طالبات جاں بحق

ریاض: جنوبی سعودی عرب کے علاقے بیشا میں خمیس مشیط روڈ پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں چار طالبات جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق، حادثہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب طالبات اسکول جا رہی تھیں کہ ان کی گاڑی کو خوفناک تصادم کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، سیکیورٹی فورسز، ہلال احمر اور سول ڈیفنس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

حادثے میں زخمی ہونے والی پانچویں طالبہ کو فوری طور پر کنگ عبداللہ اسپتال بیشا منتقل کیا گیا، جہاں وہ انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس المناک حادثے نے مملکت بھر میں سڑکوں کی سلامتی اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

ادھر سعودی ٹریفک پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تیز رفتاری اور خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرنا ایسی سنگین خلاف ورزیاں ہیں جو انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، ٹریفک پولیس نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر انتباہ جاری کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ زگ زیگ انداز میں گاڑی چلانا نہ صرف خود ڈرائیور بلکہ دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے، لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ سلامتی کے ضوابط کی سختی سے پابندی کریں۔

Related posts

اسرائیل اپنی سیکیورٹی پالیسی خود طے کرے گا، نیتن یاہو

کملا ہیرس کا دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا عندیہ

ایران امریکا کی بالادستی قبول نہیں کرے گا، عباس عراقچی