پاکستان سے بڑھتے تعلقات پر بھارت نے اعتراض نہیں کیا، خدشات ضرور ہیں: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات پر بھارت نے کوئی باضابطہ اعتراض نہیں کیا، تاہم ہمیں معلوم ہے کہ انہیں اس بارے میں خدشات ضرور ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں مارکو روبیو سے پوچھا گیا کہ کیا بھارت نے پاکستان اور امریکا کے بڑھتے تعلقات پر کوئی تشویش یا اعتراض ظاہر کیا ہے؟ اس پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ “نہیں، ایسا نہیں ہوا، البتہ ہم جانتے ہیں کہ بھارت کو خدشات ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود کشیدگی کے باعث بھارت کے خدشات فطری ہیں، لیکن بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ امریکا کے بہت سے ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں، اور ہم پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹیجک تعلقات کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

مارکو روبیو نے کہا کہ بھارت کے بھی ایسے ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں جن کے ساتھ امریکا کے تعلقات نہیں، لہٰذا ممالک کے درمیان مختلف نوعیت کے تعلقات بین الاقوامی سفارتکاری کا معمول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “ہم جو کچھ پاکستان کے ساتھ کر رہے ہیں، وہ بھارت سے تعلقات کی قیمت پر نہیں ہے۔”

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن کا مقصد مختلف ممالک کے ساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق بھارت ایک پختہ اور حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی رکھتا ہے، اور امریکا ان کے ساتھ تعلقات کو بھی اہمیت دیتا ہے۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ پاکستان نے پاک بھارت ممکنہ جنگ رکوانے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازع کے آغاز سے پہلے ہی میں نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تھا، اور ہمیں یقین ہے کہ کئی شعبوں میں دونوں ممالک مل کر کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں امریکا کا تعاون طویل عرصے سے جاری ہے، اور واشنگٹن چاہتا ہے کہ اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ “پاک امریکا تعلقات میں حالیہ بہتری حوصلہ افزا ہے، اور یہ بہتری بھارت یا کسی دوسرے ملک کے ساتھ تعلقات کے نقصان پر نہیں آئی۔”

Related posts

بھارتی سپریم کورٹ نے چائلڈ میرج ایکٹ تمام مذاہب پر لاگو کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کردی

اسرائیل اپنی سیکیورٹی پالیسی خود طے کرے گا، نیتن یاہو

سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، چار طالبات جاں بحق