پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں اہم پیشرفت، 20 سال بعد مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس

ڈھاکا: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و ترقیاتی تعاون میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ 20 سال بعد ڈھاکا میں پاکستان۔بنگلادیش نویں مشترکہ اقتصادی کمیشن (JEC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

اجلاس کی صدارت پاکستان کے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور بنگلادیش کے مشیر خزانہ نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پاکستان نے بنگلادیش کو کراچی پورٹ کے استعمال کی پیشکش کی، جس سے بنگلادیش چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کرسکے گا۔ دونوں ممالک کی قومی شپنگ کارپوریشنز کے درمیان تعاون بڑھانے اور براہ راست پروازوں کے قیام کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید برآں، پاکستان حلال اتھارٹی اور بنگلادیش اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیسٹنگ انسٹیٹیوٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے، جس سے معیار اور سرٹیفکیشن کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ “نالج کوریڈور” کے قیام کی تجویز دی، جبکہ بنگلادیشی طلبہ کے لیے 500 نئی اور مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا۔ اسی طرح پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت تربیتی نشستوں کی تعداد 5 سے بڑھا کر 25 کردی گئی۔

اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ علاوہ ازیں، زراعت، تعلیم، صحت، سیاحت، مواصلات، بینکنگ، اطلاعات و نشریات اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

دونوں ممالک نے طبی اور مذہبی سیاحت کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان نویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے متفقہ منٹس پر دستخط کیے گئے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ بنگلادیش کی مہمان نوازی قابلِ تعریف ہے، پاکستان اور بنگلادیش کا رشتہ باہمی احترام اور دوستی پر مبنی ہے۔

Related posts

غزہ میں بین الاقوامی فورس میں پاکستانی فوجیوں کی ممکنہ شمولیت، اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

اسرائیل کا غزہ میں ترک فوج کی موجودگی سے انکار، پاکستانی فوجی دستوں کی ممکنہ شمولیت کی خبریں زیرِ گردش

وزیرِ اعظم شہباز شریف خصوصی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے