اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی میڈیا کی جانب سے شائع ہونے والی اُس رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے غزہ میں 20 ہزار فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی جریدے کی رپورٹ میں شامل مبینہ “انٹیلی جنس لیکس” اور دیگر دعوے حقائق کے منافی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایس پی آر اور دفترِ خارجہ نے کبھی بھی غزہ یا کسی دوسرے ملک میں پاکستانی فوجی مشن کی تائید یا اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا۔
ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور انسانی حقوق کی حمایت پر مبنی ہے، اور اس پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھی اس رپورٹ کو جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی فوجی تعیناتی یا تعاون پر کوئی بات چیت ہوئی ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق، اس طرح کی خبریں صرف علاقائی کشیدگی میں اضافہ کرنے اور پاکستان کے مؤقف کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں، جنہیں مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔