کراچی: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق ایران ایئر نے مشہد، زاہدان اور کوئٹہ کے درمیان پروازوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
اتھارٹی کے بیان میں بتایا گیا کہ ایران ایئر کی پہلی پرواز (فلائٹ 826) گزشتہ رات کوئٹہ پہنچی، جہاں اسے واٹر کینن سے سلامی دے کر خیرمقدم کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور ایرانی قونصل جنرل نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق ایران ایئر کی ہفتہ وار پرواز ہر بدھ رات ساڑھے 9 بجے کوئٹہ پہنچے گی۔
اس سے قبل ایئرلائن نے مشہد سے لاہور کے درمیان پرواز کے آغاز کا اعلان کیا تھا، جو 29 اکتوبر سے باقاعدہ شروع ہو چکی ہے۔ ایران ایئر لاہور کے لیے بھی ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی۔
عراق جانے والے زائرین کے لیے اہم خبر
عراقی حکام نے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں۔
نئے قوانین کے مطابق:
• 50 سال سے کم عمر اکیلے مردوں کو زیارت کے لیے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔
• 50 سال سے کم عمر مرد اگر فیملی کے ہمراہ درخواست دیں تو ویزا حاصل کرسکیں گے۔
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مذہبی آزادی محدود کرنے کے بجائے سیکیورٹی، نظم و ضبط اور لاجسٹک انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے، خصوصاً ان ایام میں جب لاکھوں زائرین زیارت کے لیے عراق آتے ہیں۔
یہ نئے قوانین عراق کے تمام مقدس شہروں اور زیارتی مقامات کے لیے داخلے کے خواہشمند تمام غیر ملکی زائرین پر لاگو ہوں گے۔
حکام نے سفری گروپس کو ہدایت کی ہے کہ ویزہ کے لیے درخواست دینے سے پہلے نئی شرائط کا بغور مطالعہ کریں، کیونکہ یہ ضوابط عراق کی زیارتی پالیسیوں میں ایک اہم تبدیلی کی نمائندگی کرتے ہیں۔