ایران پابندیوں کے باوجود چین کی مدد سے میزائل پروگرام دوبارہ فعال کر رہا ہے — یورپی انٹیلیجنس کا انکشاف

تہران/بیجنگ: یورپی انٹیلیجنس اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کے باوجود چین کی مدد سے اپنا بیلسٹک میزائل پروگرام تیزی سے بحال کر رہا ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق چین سے ایران کی بندر عباس بندرگاہ پر “سوڈیم پرکلوریٹ” کی متعدد کھیپیں پہنچائی گئی ہیں، جو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے ٹھوس ایندھن کی تیاری میں استعمال ہونے والا اہم کیمیائی مادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق 29 ستمبر سے اب تک تقریباً 2,000 ٹن مواد ایران پہنچ چکا ہے، جو اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد تباہ شدہ میزائل ذخائر کی بحالی کے لیے خریدا گیا۔ رپورٹس کے مطابق پابندیاں دوبارہ عائد ہونے کے بعد اس نوعیت کی 10 سے 12 کھیپوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے۔

یورپی انٹیلیجنس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سرگرمیاں اقوام متحدہ کی میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول ریجیم (MTCR) کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں، جو ایران کو بیلسٹک میزائل پروگرام کی ترقی سے باز رکھنے کے لیے بنائی گئی تھی۔

چین کا کردار

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین ایران کا قریبی اقتصادی اتحادی ہے اور پابندیوں کے باوجود خفیہ تجارتی نیٹ ورکس کے ذریعے ایرانی تیل کی خریداری اور حساس صنعتی مواد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔

اگرچہ سوڈیم پرکلوریٹ باضابطہ طور پر ممنوعہ فہرست میں شامل نہیں، تاہم ماہرین کے مطابق یہ امونیم پرکلوریٹ کی تیاری کا بنیادی جز ہے، جو بیلسٹک میزائلوں کے ایندھن میں بین الاقوامی سطح پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

عالمی خدشات

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ تہران بین الاقوامی دباؤ اور پابندیوں کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی اسلحہ سازی کی رفتار بڑھا رہا ہے، جبکہ بیجنگ قانونی ابہام کا فائدہ اٹھا کر ان برآمدات کو “خودمختار تجارتی فیصلہ” قرار دے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مغربی انٹیلیجنس ادارے اس معاملے کو اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے فورمز پر اٹھانے کی تیاری کر رہے ہیں، تاکہ چین کی سپلائی چین پر مزید نگرانی اور دباؤ بڑھایا جا سکے۔

Related posts

امریکا کا مشرقی بحرالکاہل میں مشتبہ منشیات کشتی پر میزائل حملہ، 4 افراد ہلاک

لبنانی صدر کا اعلان: فوج کو اسرائیلی دراندازی کا مقابلہ کرنے کا حکم

اردوان کا جرمن چانسلر سے سوال: کیا برلن کو غزہ میں اسرائیلی نسل کشی نظر نہیں آتی؟