اسلام آباد: پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق ہوگیا ہے۔ دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے بعد ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق، ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان 25 سے 30 اکتوبر تک استنبول میں مذاکرات منعقد ہوئے۔ یہ بات چیت 18 اور 19 اکتوبر کو دوحہ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کی گئی۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کیا ہے، جبکہ اس کے نفاذ کے قواعد و ضوابط 6 نومبر کو استنبول میں ہونے والے اگلے دور میں طے کیے جائیں گے۔
فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ جنگ بندی کی نگرانی اور تصدیق کے لیے ایک مشترکہ نظام تشکیل دیا جائے گا، جو کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار فریق پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ثالث ممالک ترکیہ اور قطر نے پاکستان اور افغان طالبان دونوں کے مثبت کردار کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ وہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق، ترکیہ کی درخواست پر پاکستان نے افغانستان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پاکستانی وفد کو مذاکرات کے بعد واپس آنا تھا، تاہم ترکیہ کے حکام کی درخواست پر وفد استنبول میں ہی قیام پذیر رہا تاکہ بات چیت نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہو سکے۔
ترکیہ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ 6 نومبر کو ہونے والا اگلا اجلاس فریقین کے درمیان جنگ بندی کے عملی میکانزم کو حتمی شکل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔