ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے نومبر 2025 کے لیے پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق فی لیٹر قیمتوں میں اوسطاً 10 سے 11 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتیں 31 اکتوبر جمعہ کی رات سے نافذالعمل ہوگئی ہیں۔
اماراتی حکومت کے اعلان کے مطابق، اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں تمام اقسام کے پیٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ممکن ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق:
• سپر پیٹرول: اکتوبر میں 2.77 درہم (تقریباً 212 روپے) فی لیٹر سے کم ہو کر 2.63 درہم (تقریباً 201 روپے) فی لیٹر — 11 روپے کمی
• اسپیشل پیٹرول: 2.66 درہم (203 روپے) سے کم ہو کر 2.51 درہم (192 روپے) فی لیٹر — 11 روپے کمی
• ای پلس پیٹرول: 2.58 درہم (197 روپے) سے کم ہو کر 2.44 درہم (187 روپے) فی لیٹر — 10 روپے کمی
اماراتی وزارتِ توانائی کے تحت فیول پرائس مانیٹرنگ کمیٹی ہر ماہ عالمی منڈی میں تیل کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر نرخوں کا تعین کرتی ہے، جس میں تقسیم کار کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات بھی شامل کیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان میں پیٹرول مزید مہنگا ہوگیا۔ حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 43 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 2 پیسے کا اضافہ کیا ہے۔
نئے نرخوں کے مطابق:
• پیٹرول: 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر
• ڈیزل: 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر
یوں ایک جانب متحدہ عرب امارات میں پیٹرول سستا جبکہ پاکستان میں مہنگا ہوگیا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔