دبئی: دبئی کو دنیا کا خوبصورت ترین اور جدید ترین شہر بنانے کے لیے 18 ارب درہم مالیت کا نیا ترقیاتی منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ دبئی کی ترقی میں فطرت اور جدت کو یکساں اہمیت دی جائے گی۔
منصوبے کے تحت شہر میں پبلک پارکس اور گرین اسٹرکچر کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سلسلے میں 630 نئے عوامی پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کا مقصد شہریوں کو صاف، خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔
مزید برآں، اسپورٹس اسٹریٹیجک پلان 2033 متعارف کروایا جائے گا جس میں 75 نئے اقدامات شامل ہیں۔ اس منصوبے کا ہدف دبئی کو عالمی اسپورٹس حب اور بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے۔
شیخ حمدان کا کہنا ہے کہ دبئی آنے والے برسوں میں ماحولیات، شہری زندگی اور جدید سہولیات کو یکجا کر کے نمو اور ترقی کی نئی مثال قائم کرے گا