نئی دہلی: بھارتی شہر احمد آباد میں ایک دکاندار نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیولری شاپ میں چوری کی کوشش ناکام بنادی۔ واقعے کی ویڈیو دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک خاتون زیورات خریدنے کے بہانے دکان میں داخل ہوئی اور بات چیت کے دوران اچانک مرچوں کا اسپرے دکاندار کی آنکھوں کی جانب کیا۔ تاہم دکاندار بروقت پیچھے ہٹ گیا اور خاتون کو قابو کر لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکاندار نے خاتون کا ہاتھ پکڑ کر اسے دکان سے باہر جانے پر مجبور کیا، جس کے بعد خاتون موقع سے چلی گئی۔
پولیس تحقیقات جاری
میڈیا کے مطابق دکاندار نے خاتون کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرانے سے انکار کیا ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی ویڈیو کی بنیاد پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس واقعے پر مختلف آراء سامنے آئی ہیں، کچھ نے دکاندار کی ہوشیاری کو سراہا جبکہ کچھ نے واقعے کے دوران بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔