نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکا؛ 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ایک گاڑی میں ہوا۔ دھماکے کی نوعیت کا فی الحال تعین نہیں ہوسکا۔ متعلقہ ادارے واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں کہ یہ سلنڈر پھٹنے کا واقعہ ہے یا کسی تخریب کاری کا نتیجہ۔

دہلی فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے قریبی چھ گاڑیوں اور تین رکشوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال منتقل کی گئی لاشوں کی تعداد 10 ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 24 بتائی جا رہی ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ دھماکا سڑک پر چلتی ہوئی کار میں ہوا اور جائے وقوعہ پر کوئی گڑھا نہیں ملا، جس کے باعث یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ بم دھماکا تھا۔ افسر کے مطابق دھماکے کے متاثرین کے جسم پر چھرّوں کے زخم بھی نہیں پائے گئے جو عام طور پر بم دھماکوں میں دیکھے جاتے ہیں۔

ایک اور سینیئر اسپیشل افسر کے مطابق جائے حادثہ سے کیل، چھرّے، دھماکہ خیز مواد یا کسی کیمیکل کے شواہد بھی نہیں ملے، اس لیے تفتیش تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری ہے۔

Related posts

ایران پر ممکنہ امریکی حملہ: نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تاخیر کی درخواست، خلیجی ممالک کی سفارتکاری بھی سرگرم

کشیدگی کے دوران ایران نے فضائی حدود عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی، فضائی آپریشن بحال

امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فیصلہ کن حملے کے اشارے، اسرائیل میں ہنگامی دفاعی تیاریاں، یورپی ممالک کا اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل تیز