کولمبو – سری لنکا میں سمندری طوفان ’دتوا‘ کی تباہ کاریاں، ہلاکتیں 123 تک پہنچ گئیں

سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کے باعث شدید بارشوں اور سیلاب نے وسیع تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 123 ہوگئی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق اب تک 130 افراد لاپتا ہیں جب کہ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔ شمالی اور مشرقی علاقوں میں 300 ملی میٹر تک ہونے والی غیر معمولی بارش نے بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے کے واقعات کو جنم دیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جنہیں اسکولوں، سرکاری عمارتوں اور دیگر پبلک مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ کئی علاقوں میں سیلابی پانی کے باعث لوگ گھروں کی چھتوں پر محصور ہوگئے تھے، جنہیں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

سری لنکن محکمہ آبپاشی نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی اور جنوبی علاقوں میں مزید سیلاب کا خطرہ موجود ہے جبکہ دارالحکومت کولمبو میں بھی صورتحال تشویشناک ہوسکتی ہے۔

حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر رہی ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ مزید بارشوں کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے.

Related posts

ایران پر ممکنہ امریکی حملہ: نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تاخیر کی درخواست، خلیجی ممالک کی سفارتکاری بھی سرگرم

کشیدگی کے دوران ایران نے فضائی حدود عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی، فضائی آپریشن بحال

امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فیصلہ کن حملے کے اشارے، اسرائیل میں ہنگامی دفاعی تیاریاں، یورپی ممالک کا اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل تیز