ٹیکساس میں بم بنانے کا دعویٰ کرنے والا افغان شہری گرفتار

واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں بم بنانے کا دعویٰ کرنے والے افغان شہری کو سیکیورٹی اداروں نے گرفتار کر لیا ہے۔ امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کے مطابق ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے منگل کے روز کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا، جس کے خلاف مقدمہ بھی درج کر دیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت محمد داؤد الوک زئی کے نام سے ہوئی ہے، جو “آپریشن الائیز ویلکم” کے تحت افغانستان سے امریکا منتقل ہوا تھا۔ رپورٹس کے مطابق الوک زئی کو 7 ستمبر 2022 کو امریکا میں مستقل رہائش (گرین کارڈ) بھی جاری کیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک بم تیار کر رہا ہے اور فورٹ ورتھ شہر کو نشانہ بنائے گا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کو گرفتار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی امریکی تفتیش کاروں نے وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کو گرفتار کیا تھا۔ رحمان اللہ بھی 2021 میں امریکا منتقل ہوا تھا.

Related posts

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کرپشن مقدمات میں معافی کی درخواست صدر ہرزوگ سے کر دی

آئی ایم ایف کی رپورٹ: بھارت کو معاشی ڈیٹا میں خامیوں کے باعث “سی گریڈ” دے دیا گیا

گیلپ سروے: صدر ٹرمپ کی مقبولیت ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گئی