امریکا کی کئی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آگئیں، جہاں عمارتیں، مکانات اور سڑکیں دو فٹ سے زائد برف سے ڈھک گئیں۔ مختلف علاقوں میں موسم کی خراب صورتِ حال کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
نیو یارک، الینوائے اور مشی گن سمیت متعدد امریکی ریاستوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر طرف سفید چادر بچھ جانے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے جبکہ الاسکا میں شدید برفباری کے بعد درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے جا چکا ہے۔
ملک بھر میں ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق شکاگو شہر میں نومبر کے مہینے میں برفباری کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، جہاں ائیرپورٹ پر اب تک 8.4 انچ برف پڑ چکی ہے۔ خراب موسم کے سبب سینکڑوں پروازیں شیڈول کے مطابق نہ چل سکیں۔
امریکی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے ملک کے بیشتر حصوں میں بارشیں، یخ بستہ ہوائیں اور مزید برفباری ہوگی، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ کینساس، نیبرسکا اور مشرقی ساحل کی کئی ریاستوں میں برفانی طوفان کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پینسلوینیا اور نیوجرسی میں بھی 6 انچ یا اس سے زائد برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں بھی آئندہ ہفتے شدید برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ اور سفر میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں.