سڈنی: بونڈی ساحل پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور باپ بیٹا نکلے، پولیس نے تفصیلات جاری کر دیں

سڈنی: آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی ساحل پر یہودیوں کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے حملہ آور باپ بیٹا نکلے، جن کی تفصیلات نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے جاری کر دی ہیں۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی جانب سے واقعے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فائرنگ میں ملوث دونوں افراد آپس میں باپ بیٹا تھے۔ پولیس کے مطابق ایک حملہ آور پولیس کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہو گیا، جبکہ دوسرا شدید زخمی حالت میں زیرِ حراست ہے۔

پولیس کمشنر کے مطابق ہلاک حملہ آور کی شناخت 50 سالہ ساجد اکرم کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی حملہ آور 24 سالہ نوید اکرم ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ساجد اکرم کے پاس گزشتہ 10 سال سے اسلحہ رکھنے کا لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب کا رکن بھی تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کے قبضے سے 6 ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں، تاہم یہ جانچ جاری ہے کہ آیا یہ تمام ہتھیار فائرنگ کے واقعے میں استعمال ہوئے یا نہیں۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ کے قریب سے دو فعال دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیے گئے، جنہیں محفوظ بنا دیا گیا ہے۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے مزید ملزمان کی تلاش ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب حملے کے محرکات جاننے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں ملوث باپ بیٹا کافی عرصے سے آسٹریلیا میں مقیم تھے، تاہم ان کے پس منظر سے متعلق مزید تفصیلات اس مرحلے پر فراہم نہیں کی جا سکتیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکومت نے واقعے پر آج یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

واضح رہے کہ سڈنی کے بونڈی ساحل پر ہونے والی اس فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کی فوری کارروائی میں ایک حملہ آور موقع پر ہلاک ہوا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تھا.

Related posts

کینبرا: بونڈی بیچ حملہ، ساجد اکرم کے بھارتی پاسپورٹ پر سفر کا انکشاف

بونڈی بیچ فائرنگ: حملہ آور سے بندوق چھیننے والے احمد کے لیے ارب پتی سرمایہ کار بل ایکمین کا بڑا انعام

واشنگٹن: پینٹاگون میں بڑی تنظیمِ نو کا منصوبہ، فور اسٹار جنرلز کی تعداد کم کرنے کی تیاری