سڈنی واقعہ سیاہ دن، جانیں بچانے والا مسلم شہری آسٹریلیا کا ہیرو ہے: آسٹریلوی ہائی کمشنر

اسلام آباد: پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے سڈنی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کو ایک سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے والا مسلم شہری آسٹریلیا کا حقیقی ہیرو ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سڈنی واقعے پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی آسٹریلیا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا کہ سڈنی کا واقعہ آسٹریلیا کے لیے ایک سیاہ دن ہے، تاہم اس افسوسناک واقعے میں لوگوں کی جانیں بچانے والا مسلم شہری پوری قوم کا ہیرو بن کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اظہارِ تعزیت پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل بونڈی بیچ پر فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 29 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے حملہ آور کی گاڑی سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرنے کی تصدیق کی ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 43 سالہ احمد ال احمد نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک حملہ آور کو قابو کیا اور اس سے اسلحہ چھین لیا، جس کے باعث متعدد افراد کی جانیں بچ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق حملہ آور پر قابو پانے کی کوشش میں احمد ال احمد کے بازو پر دو گولیاں لگیں، تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

احمد ال احمد سڈنی میں پھلوں کی دکان چلاتے ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں احمد کو حملہ آور کو قابو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارفین کی جانب سے ان کی بہادری کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے جبکہ آسٹریلوی میڈیا نے انہیں قومی ہیرو قرار دیا ہے.

Related posts

آسٹریلیا میں دہشتگردی کا واقعہ: پاکستان سے جوڑنے کا بھارتی و اسرائیلی پروپیگنڈا ناکام، ہلاک حملہ آور کا تعلق بھارت سے ہونے کا انکشاف

یوکرین امن مذاکرات سے قبل نیٹو رکنیت کی خواہش ترک کرنے کو تیار

سڈنی فائرنگ واقعہ: حملہ آور کو قابو کرنے والے بہادر شہری کی شناخت سامنے آگئی