واشنگٹن: پینٹاگون میں بڑی تنظیمِ نو کا منصوبہ، فور اسٹار جنرلز کی تعداد کم کرنے کی تیاری

امریکی میڈیا کے مطابق محکمۂ دفاع (پینٹاگون) امریکی فوج میں بڑی تنظیمِ نو کے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت فور اسٹار جنرلز اور ایڈمرلز کی تعداد میں نمایاں کمی کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق یہ منصوبہ امریکی سیکرٹری جنگ پیٹ ہیگسیتھ کی ہدایت پر تیار کیا جا رہا ہے، جس میں امریکی فوج کی بعض بین الاقوامی فوجی کمانڈز کو یکجا کرنے کی تجویز شامل ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر اس منصوبے پر عملدرآمد ہوا تو یہ گزشتہ کئی دہائیوں میں امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت میں ہونے والی سب سے بڑی اور اہم تبدیلیوں میں شمار ہوگا۔

اخبار کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ڈین کین آئندہ چند دنوں میں یہ منصوبہ سیکرٹری جنگ پیٹ ہیگسیتھ کو پیش کر سکتے ہیں، تاہم پینٹاگون کے ترجمان نے اس حوالے سے فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

منصوبے کے تحت امریکی سینٹرل کمانڈ، یورپین کمانڈ اور افریقن کمانڈ کی حیثیت کم کرتے ہوئے انہیں ایک نئی مجوزہ کمانڈ ’یو ایس انٹرنیشنل کمانڈ‘ کے ماتحت لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ان فور اسٹار جنرلز اور ایڈمرلز کی تعداد میں بھی کمی کی جائے گی جو براہِ راست امریکی سیکرٹری جنگ کو رپورٹ کرتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے پیٹ ہیگسیتھ کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری بھی درکار ہوگی۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی فوج میں فعال فور اسٹار جنرلز اور ایڈمرلز کی تعداد میں کم از کم 20 فیصد کمی کا حکم دیا تھا، جسے موجودہ منصوبے کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے.

Related posts

کینبرا: بونڈی بیچ حملہ، ساجد اکرم کے بھارتی پاسپورٹ پر سفر کا انکشاف

بونڈی بیچ فائرنگ: حملہ آور سے بندوق چھیننے والے احمد کے لیے ارب پتی سرمایہ کار بل ایکمین کا بڑا انعام

لندن: پاک بھارت فضائی جھڑپ میں تباہ ہونے والے 4 بھارتی رافیل طیاروں کے نمبر منظرِ عام پر آگئے