بونڈی بیچ فائرنگ: حملہ آور سے بندوق چھیننے والے احمد کے لیے ارب پتی سرمایہ کار بل ایکمین کا بڑا انعام

واشنگٹن/سڈنی: آسٹریلیا کے مشہور ساحل بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے کے دوران حملہ آور سے بندوق چھین کر کئی قیمتی جانیں بچانے والے احمد کے لیے امریکی ارب پتی سرمایہ کار بل ایکمین نے بڑے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہودی نژاد سرمایہ کاری بینکر بل ایکمین نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ کیا کوئی تصدیق شدہ فنڈ قائم کر سکتا ہے تاکہ احمد اور اس کے اہلِ خانہ کو ان کی بہادری پر انعام دیا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فنڈ کے تحت بل ایکمین کی جانب سے احمد کے لیے ایک لاکھ امریکی ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس فنڈ ریزر کے ذریعے 20 لاکھ ڈالر سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ سڈنی کے بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔ آسٹریلوی پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے جبکہ دوسرے حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

واقعے کے دوران وہاں موجود 43 سالہ احمد الاحمد نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مسلح حملہ آور کو قابو کیا، اس سے اسلحہ چھینا اور متعدد افراد کی جانیں بچائیں۔

احمد الاحمد کے والدین کے مطابق فائرنگ کے دوران ان کے بیٹے کے کندھے میں 4 سے 5 گولیاں لگیں، جن میں سے چند اب بھی اس کے جسم میں موجود ہیں، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واقعے کی وائرل ہونے والی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ احمد الاحمد عقب سے ایک مسلح شخص کے قریب پہنچتے ہیں اور اس کے ہاتھ سے لمبی نال والی بندوق چھین لیتے ہیں، جس کے بعد موقع پر موجود افراد محفوظ ہو جاتے ہیں۔

احمد الاحمد کی بہادری کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں اعزازات دینے کا مطالبہ بھی سامنے آ رہا ہے.

Related posts

کینبرا: بونڈی بیچ حملہ، ساجد اکرم کے بھارتی پاسپورٹ پر سفر کا انکشاف

واشنگٹن: پینٹاگون میں بڑی تنظیمِ نو کا منصوبہ، فور اسٹار جنرلز کی تعداد کم کرنے کی تیاری

لندن: پاک بھارت فضائی جھڑپ میں تباہ ہونے والے 4 بھارتی رافیل طیاروں کے نمبر منظرِ عام پر آگئے