واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے افغان شہریوں کے لیے اسپیشل امیگرنٹ ویزا (SIV) پروگرام معطل کر دیا ہے۔ امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ فیصلہ افغان نژاد نیشنل گارڈ اہلکاروں پر فائرنگ کے ایک واقعے کے بعد کیا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں۔
اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اسپیشل امیگرنٹ ویزا ہولڈرز کو حاصل حفاظتی استثنیٰ بھی ختم کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت افغان شہریوں کے لیے خصوصی امیگریشن سہولتیں محدود ہو گئی ہیں۔
دی واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ افغانستان ان 12 ممالک میں شامل ہے جن پر جون میں مکمل سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ ان ممالک پر نہ صرف عام سفری پابندیاں نافذ ہیں بلکہ خصوصی امیگرنٹ ویزا پروگرام پر بھی نئی قدغنیں لگائی گئی ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق یہ اقدامات ان ممالک کے خلاف کیے گئے ہیں جہاں اسکریننگ، ویٹنگ اور معلومات کے تبادلے کے نظام میں ناکامیوں کا سامنا ہے، جسے امریکی حکام قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے رہے ہیں.